تعارف : خانقاہِ کُلّی شریف نارووال

آغاز کائنات سے لے کر انسانیت کی رُشد و ہدایت کے لیے انبیاءومرسلین علیھم السلام مبعوث ہوتے رہے۔ بعثت نبوت کا آغاز سیّدنا حضرت آدم علیہ السلام سے ہوا اور ختمِ نبوّت کا سہرا حضور تاجدارِ کائنات ختمی مرتبتﷺ کی جبینِ اقدس پر سجایا گیا۔

آپﷺ کے وصال کے بعد اصلاحِ اُمت کا فریضہ، صحابہ و اہلبیتِ اطہار کے نفوسِ قدسیہ نے نبھایا اور قرونِ اُولیٰ کے بعد یہ ذمہ داری فقہاء، علماء، صلحاء، صوفیاء، محدثین، مجدّدین اور مجتہدین نے نبھائی۔ جن افراد نے لوگوں کے عقائد کی اصلاح کی۔ وہ علماءمحدثین و متکلمین کہلائے اور جن نفوس قدسیہ نے انسانیت کے قلب و باطن کے قبلہ کو درست سمت عطا کی وہ صوفیاءکہلائے۔ انسانیت کے تزکیہ و تصفیہ کی ذمہ داری محبوبانِ خدا اور پاکانِ اُمّت نے ہر دور میں پوری کی۔

عرب دنیا میں بالعموم اور برّصغیر پاک و ہند میں بالخصوص صوفیہ کرام نے لشکر و سپاہ کے بغیر حسنِ اخلاق و کردار کے بل بوتے پر اسلام کی ترویج و اِشاعت کا وہ کام کر دکھایا۔ جو شاہانِ وقت تلوار کے بل بوتے پر بھی نہ کرسکے صوفیاءو صلحاءنے اپنے اپنے قول و عمل سے ثابت کیا کہ اسلام صرف تلوار کے زور پر نہیں پھیلا بلکہ اس کی ترویج میں حُسنِ اَخلاق اور پاکیزہ کردار کا بڑا عمل دخل رہا ہے۔

عالمِ عرب اور پاک و ہند میں جن اکابِرینِ اُمّت اور صلحاءملّت نے اعلائے کلمة اللہ کیا اور کفر و شرک کی جہنم میں جھلسنے والے بدنصیبوں کو توحید کی جنت میں آباد کرکے ان کے سینوں کو نورِ ایمان و عرفان سے منور کیا۔ اُن میں حضرت سیّدنا شیخ عبدالقادر جیلانی، حضرت شاہ بہاؤالدین نقشبندی، حضرت خواجہ معین الدین چشتی اجمیری، حضرت سیّدنا داتا گنج بخش علی ہجویری، حضرت سیدنا امام ربانی مجدّد الف ثانی شیخ احمد سرہندی، حضرت خواجہ حاجی نوشہ گنج بخش، شیخ الاسلام حضرت بابا فریدالدین گنج شکر، حضرت سیّدناپیر مہر علی شاہ، حضرت امیرِ ملت پیرسید جماعت علی شاہ اور قدوة الاولیاءحضرت پیر سیّد شہسوار شمس غوث قادری نوشاہی اور امام الاولیاءحضرت پیر سید خورشید الحسن گیلانی کملی پوش وغیرھم رحمھم اللہ علیہم اجمعین کے نام شامل ہیں۔

اس ویب سائٹ کے ذریعے آپ خانقاہِ عالیہ کُلّی شریف نارووال کے مکمل تعارف کے ساتھ حضرت پیر سیّد شہسوار شمس غوث قادری، حضرت پیر سید خورشید الحسن گیلانی اور حضرت پیرسید مظہرالحسن گیلانی چن پیر رحمھم اللہ اجمعین کے حالاتِ زندگی اور ان کی تعلیمات و خدمات کے بارے میں آگاہی حاصل کر سکیں گے ، مزیدیہ کہ خانقاہِ عالیہ کُلّی شریف پر جاری، علمی و فکری، تعلیمی و تربیتی، سماجی و رفاہی منصوبہ جات کے متعلق معلومات حاصل کر سکیں گے۔